گنگولی،17؍ستمبر (ایس او نیوز)سمندر میں مچھلیاں پکڑنے کے بعدکشتی سے مچھلی خالی کرنے کے لئے بندر پر اپنی بوٹ لنگر انداز کرتے وقت اس کو دوسری بوٹ سے باندھنا ایک ماہی گیر کو مہنگا پڑا اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جھگڑے میں اسے اپنی جان سے ہی ہاتھ دھونا پڑگیا۔
بتایا جاتا ہے کہ معمولی بات پر شروع ہونے والے جھگڑے میں ہلاک شدہ ماہی گیر کا نام پرکاش پجاری(40سال)ہے۔ اس نے مچھلیاں خالی کرنے کے لئے اپنی بوٹ قریب میں لنگر انداز ایک دوسری بوٹ سے باندھی تھی۔ اس پر اس بوٹ کا ڈرائیورچندرکانت ناراض ہوا ور پرکاش سے الجھنے لگا۔ پرکاش اپنی بوٹ سے جب چندرکانت کی بوٹ میں چلاگیا توچندرکانت نے بھڑک کر جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے ایک لکڑی کے تختے سے پرکاش پر زوردار حملہ کیا۔ اور توازن بگڑنے کی وجہ سے پرکاش سمندر میں گر کر ڈوب گیا۔ قریب میں موجود دیگر ماہی گیروں نے پرکاش کو تلاش کیا مگر وہ سمندر کی لہروں میں لاپتہ ہوگیا۔بعد میں گنگولی کے قریب بیلی کیری سمندر کے کنارے اس کی لاش دستیاب ہوئی۔کہا جاتا ہے کہ قاتلانہ حملے کا ملزم چندرکانت بھٹکل کا رہنے والا ہے۔
اس واردات کے عینی شاہدپرکاش پجاری کے بھائی سوریا پجاری کی شکایت پر پولیس نے قتل کا معاملہ درج کرلیا اور ملزم چندرکانت کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں سے اس کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔